Monday, July 4, 2016

آزمانا


آزمانا نہیں چاہیے
نہ کسی اچھے کی اچھائی کو اور نہ ہی کسی برے کی برائی کو، آزمانا نہیں چاہیے

Wednesday, June 29, 2016

دل بددماغ

مکرر۔۔
دل بددماغ ہوچکا ہے اور دماغ بددل۔۔۔ اور دونوں ایک دوسرے کا ساتھ چھوڑتے ہیں نہ ایک دوسرے کی سنتے ہیں

Monday, June 27, 2016

مایوسی


مایوسی کفر ہے۔۔۔ بے شک مگر وہ جو اس مایوسی کا سبب بنتے ہیں، وہ جو انسانوں کو ہر امید سے خالی کر دیتے ہیں، جو خدا سے بھی مایوس کرکے اسی خدا کا نام لیتے ہیں۔۔۔ کچھ خطا ان کی بھی ہوتی ہے یا نہیں

تعجب ہے

کہیں پڑھا
تعجب ہے اُن پہ ـــ جو لوگوں کے دلوں سے کھیلتے ہیں ــــ اور خدا سے دعائیں یہ کرتے ہیں کہ وہ اُن کے دلوں کو سکون بخشے۔۔

Sunday, April 10, 2016

جینے کا پاسپورٹ

ایسا کیوں ہے کہ جس پر جن رشتوں پر ہم خرچ کرتے ہیں، اس کی زندگی کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں لے کر ساری مہریں خود لگانا چاہتے ہیں، سارے فیصلے بھی اپنی مرضی سے کرنا چاہتے ہیں۔۔۔

راستے

راستے کبھی بھی بے سمت نہیں ہوتے، منزل تک راستے ہی پہنچاتے ہیں، بے سمت تو خود انسان ہوتا ہے

Monday, January 11, 2016

قابل استعمال

مکرر ۔۔۔ ایک بات۔۔۔
بیشتر اوقات ہم جانتے بوجھتے استعمال میں محض اس لئے آتے رہتے ہیں کہ  دنیا ہم پر نا قابل استعمال کا لیبل نہ لگا دے۔

صفر

صفر کو کچھ نہ جاننے والے جان لیں کہ دوسرے اعداد کی وقعت بڑھانے کے لیے صفر کی موجودگی لازم ہے۔
یعنی
لگا کر دیکھ لے جو بھی حساب آتا ہے
مجھے گھٹا کر وہ گنتی میں رہ نہیں سکتا

Thursday, November 19, 2015

مظلوم

تو طے یہ ہوا ہے کہ مظلوموں کے بھی طبقے ہیں۔۔درجہ اول، درجہ دوم، درجہ سوم۔۔۔

Saturday, October 17, 2015

ایک سوال کئی جواب

زندگی سب کو ایک سے سوال دیتی ہے۔۔لیکن جواب کی تلاش مختلف ہوتی ہے، جواب مختلف ہوتے ہیں۔۔۔ یا مختلف جواب ملتے ہیں۔۔۔ ہر کسی کے لیے ایک سوال کا ایک سا ہی جواب نہیں ہوتا، سو دوسروں کو اپنے تلاش شدہ جواب کی کسوٹی پر مت پرکھیں

Monday, October 5, 2015

کمائی

انسان کی اصل کمائی انسان ہی ہوتے ہیں، پیسہ نہیں۔۔۔۔

امید

امید کی بنیاد میں کوئی ٹھوس وجہ موجود نہ ہو تو۔۔۔وہ امید نہیں حماقت ہوتی ہے

Thursday, September 17, 2015

دوست

جو دوست ہوتے ہیں، انہیں آپ کا چہرہ پڑھنے کے لیے چہرہ دیکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔۔۔

Monday, September 14, 2015

ہوا جاگیر ہوتی تو۔۔۔

ہوا جاگیر ہوتی تو۔۔۔
ہم ایک دوسرے کی سانس پر پہرے بٹھا دیتے۔۔۔

Sunday, September 13, 2015

فنا

ہر ذی روح کو، ہر زندگی کو، ہر جذبے کو ،ہر احساس کو ، ہر شے کو،
گزرتے وقت کو، ہر لمحے کو فنا ہے
سب کو فنا ہے۔۔۔۔
دکھ کی بات کہ خوشی کو فنا ہے۔۔۔
خوشی کی بات کہ دکھ کو بھی فنا ہے۔۔۔

Saturday, August 29, 2015

فیصلے


ہم میں سے اکثر لوگ خود اپنی زندگیوں کے فیصلے نہیں کرپاتے لیکن ہم دوسروں کی زندگیوں کے فیصلے بڑے شوق سے کرتے ہیں۔۔۔۔

Tuesday, June 23, 2015

بددل کرنے والے

شیطان کا کام ہے، بددل اور مایوس کرنا، تو جو لوگ دوسروں کو ناامید، بد دل ، مایوس کرتے، تاریکی پھیلاتے ہیں، انہیں کس کیٹگری میں رکھا جائے؟

Saturday, June 13, 2015

ستاروں کی کہانی


اس کائنات میں ستارے کبھی اکیلے پیدا نہیں ہوتے۔ گرد کے بادلوں میں ہمیشہ دو یا دو سے زیادہ ستارے وجود میں آتے ہیں۔ وہ ستارے جو وجود میں آنے کے بعد ایک بڑی گردش، پیہم گردش کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ایک دوسرے کے گرد گھومنے لگتے ہیں اور ایک دوسرے کو لیے کسی گردشِ مدام کا حصہ بن جاتے ہیں۔ "احد"صرف ایک ہی کا نام ہے، "احد" ، تنہا، اکیلا، یکتا، منفرد، بے نیازاور ایسا بے نیاز کہ اپنے بندوں کو بہت دیر بے نیاز بھی نہیں رہنے دیتا کہ یہ بھی تنہا اُسی کی صفت ہے، ایسا بے نیاز جو بندوں کو کسی نہ کسی گردش کا حصہ بنائے رکھتا ہے۔
ان گردش میں مگن ستاروں سیاروں کی اور انسانوں کی زندگیوں میں ان کی کہانی میں بہت کچھ ملتا جلتا اور مشترک بھی ہے۔
خلا میں آواز کی لہریں سفر نہیں کرسکتیں۔ کچھ لوگوں سے ہم فاصلے پر ہوتے ہیں اور کچھ لوگوں اور ہمارے بیچ خلا ہوتا ہے جہاں آواز کی لہریں سفر نہیں کر پاتیں۔ اور کچھ لوگوں کے اندر خلا ہوتا ہے۔ خلا جس میں روشنی سفر کر سکتی ہے، صرف روشنی، نور۔۔۔
اس خلا میں کچھ ستارے ہیں جو جلتے ہیں، خود فروزاں ہیں اور دوسروں کو روشنی فراہم کرتے ہیں، کچھ وہ ہیں جو مستعار لی گئی روشنی سے روشن ہیں مگر اسے منعکس بھی کرتے ہیں۔ کچھ ستارے ہیں جو اپنا سارا ایندھن استعمال کرکے خود اپنے بوجھ تلے آکر کچلے جاتے ہیں، مردہ ستارے، جو نہ صرف اپنی روشنی خود ہی نگل جاتے ہیں بلکہ قریب سے گزرتے ستاروں اور ان کی روشنی بھی، تاریک روزن، بلیک ہولز۔۔۔ جن سے بچنے کو روشنی کی رفتار سے زیادہ تیزی سے سفر کرنا پڑے۔۔۔۔
اور کچھ نیوٹران ستارے ہیں، جو کسی سپر نووا میں جنم لیتے ہیں، جو ایک دوسرے کے گرد محوِ گردش سگنلز دیتے رہتے ہیں۔۔۔ جن میں سے کوئی ایک ختم ہو جائے یا کہیں دور چلا جائے تو دوسرا بھی خلا کی وسعتوں میں گم ہو جاتا ہے۔۔۔ عجیب اور انوکھے ۔۔۔۔۔ جن میں سے کوئی ایک دوسرے سے بڑا ہو تو دوسرے کو نگل کر تاریک روزن بنا لیتا ہے۔۔۔۔Pairs
تو یوں ہے کہ کچھ ستاروں کی زندگیاں انسانوں جیسی ہوتی ہیں اور کچھ انسانوں کی ستاروں جیسی۔۔۔۔

Thursday, May 14, 2015

وہ جنہیں زندگی نہیں آزماتی

کچھ لوگوں کو زندگی آزماتی ہے اور جنہیں زندگی نہیں آزماتی وہ دوسروں کو آزماتے ہیں۔

Tuesday, May 12, 2015

رحمت بھی اور زحمت بھی

یہ صلاحیت بھی رحمت اور زحمت دونوں ہی ہے کہ آپ جان لیں کہ کب کون صرف زبان سے بات کر رہا ہے اور کب کون دل سے۔۔۔
یہ کہ آپ اپنے مخاطب کے دماغ کا حجم اور اس میں موجود خباثت کی مقدار بھی دیکھ سکتے ہوں۔۔
یہ کہ آپ کو بظاہر مخلص لوگوں کی صرف آنکھوں میں جھانک کر معلوم ہو جائے کہ ان کی کیا کیا چھپی ہوئی غرض اور ارادے ہیں۔۔۔
اور رحمت بھی۔۔ کہ آپ کسی کی آنکھوں میں جھانک کر کیا، محض چند جملوں سے ہی اس کا باطن پڑھ لیں اور اس پر اعتبار کر سکیں۔۔۔